شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، علاقائی امن کیلئے سفارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق
انطالیہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، سینیٹر شیری رحمان اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
.jpg)
وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن اور استحکام کیلئے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں پر عملدرآمد آگے بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کا مخلصانہ اور تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایران کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
.jpg)
ایرانی صدر نے مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوطی کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے کیلئے تہران کی خواہش کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments