اسرائیل کا غزہ میں بڑا فوجی آپریشن، ٹینکوں کی پیش قدمی، ہزاروں فلسطینیوں کی نقل مکانی
غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کاغزہ پٹی کے وسطی علاقے میں بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا، اسرائیلی ٹینکوں نے شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی، ہزاروں فلسطینیوں نے نقل مکانی شروع کردی۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں فوجی کارروائی شروع کر دی، اسرائیلی ٹینک اور بلڈوزر البریج اور النصیرات کیمپوں کے شمال مغربی علاقوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔
حماس کا کہنا ہے غزہ میں اسرائیل کا فوجی آپریشن بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے کہا ہےغزہ میں اسرائیلی فوجی آپریشن جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے کا اسرائیل کا خطرناک منصوبہ ہے، اسرائیلی جارحیت کی ذمہ داری امریکا اور غزہ امن بورڈ پر ہے۔
عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے المغراقہ، وادی غزہ پل، الدعوہ محلے اور صلاح الدین روڈ کے مشرقی علاقوں کی جانب پیش قدمی شروع کر دی ہے، جس کے باعث درجنوں خاندانوں نے علاقے سے نقل مکانی کی ہے۔
اس سے قبل مقامی آبادی اور وہاں موجود بے گھر افراد کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، اسرائیلی فوج نے غزہ کے مکینوں سے کہا ہے کہ کارروائی ختم ہونے کے باضابطہ اعلان تک وہ علاقے سے دور رہیں۔
ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہری علاقوں کے اندر فوجی کارروائی کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے المغراقہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم ایک شخص شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments