سرباز خان نے ماونٹ ایورسٹ سر کر کے 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ سبز ہلالی پرچم لہرا دیا

کھیل

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ پر 24 گھنٹے میں دوسری مرتبہ سبز ہلالی پرچم بلند کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کر لیا ہے، اس سے قبل کل صبح پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے ماونٹ ایورسٹ کو سر کیا تھا۔

آج ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے سرباز خان اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 7 چوٹیاں سر کر چکے ہیں، وہ ایک ماہ میں 8 ہزار میٹر سے بلند 2 چوٹیاں سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

سرباز خان نے رواں برس16 اپریل کو انا پرنا چوٹی کو سر کیا، سرباز خان انا پرنا کو سر کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ سرباز خان کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہروزکاشف نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے کم عمرپاکستانی کوہ پیماکااعزاز حاصل کر لیا

19 سالہ شہروز کاشف نے کل صبح ماونٹ ایورسٹ سر کی۔ شہروز کاشف کو پاکستان کا کم عمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

شہروز کاشف کی 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی کی دوسری کامیابی ہے۔ شہروز کاشف 17 سال کی عمر میں براڈ پیک پر قومی پرچم لہرا چکے ہیں۔

شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پانچویں پاکستانی بن گئے تھے۔

شہروز نے کل صبح 5 بج کر 5 منٹ پر ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا۔ 8 ہزار 849 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ دنیا کی سب سے بلند چوٹی ہے۔ شہروز پاکستان سے اپنی مدد آپ کے تحت اکیلے نیپال گئے تھے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں