لاہور میں موسلادھار بارش، ژالہ باری، پروازوں کا رُخ موڑ دیا گیا

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دار الحکومت میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث ہر طرف جل تھل ہو گیا، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے باعث فلائٹس بھی متاثر ہو گئیں، پروازوں کا رُخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا۔

ٹھوکر نیاز بیگ، واپڈا ٹاؤن، ویلنشیا، سمن آباد ، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گلشن راوی اور اسلام پورہ کے اطراف موسلادھار بارش ہوئی۔

شملہ پہاڑی، مال روڈ، جیل روڈ، لکشمی، گڑھی شاہو، کاہنہ اور اس کے گرد و نواح میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جبکہ گجومتہ میں ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

موسلادھار بارش کے باعث لاہور لینڈ ہونے والی مختلف پروازوں کا رُخ اسلام آباد کی جانب موڑ دیا گیا، پی آئی اے کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز 726 کو اسلام آباد لینڈ کروایا گیا۔

اس کے علاوہ سعودی ایئر کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز ایس وی 736 بھی لاہور کی فضا میں موجود رہی، پائلٹ طیارے کو خراب موسم کے باعث 36 ہزار فٹ کی بلندی پر لے گیا، 30 منٹ ہوا میں رہنے کے بعد کنٹرول ٹاور کی ہدایت پر طیارہ لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کر گیا۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق جیل روڈ پر 6، ایئر پورٹ پر 10.6، گلبرگ میں 6 اور لکشمی چوک میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اپرمال میں 6 ، مغلپورہ 7.5 ، تاجپورہ 5 ، نشتر ٹاؤن میں 8 ، چوک ناخدا میں 3 اور پانی والا تالاب میں 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق فرخ آباد میں 1 ، گلشن راوی 5 ، اقبال ٹاؤن 12 ، سمن آباد 9، جوہر ٹاؤن 14 اور قرطبہ چوک میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں