داغی پھلوں سے کوئی فروٹ چاٹ نہیں بناتا لیکن

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رہنما سائرہ بانو نے کہا ہے کہ یہ جو ون مین شو ہے یہ ایک ادارے (عدلیہ) کیلئے ہے یا سب اداروں کیلئے ہو گا، مطلب یہ کہ آرمی چیف ایک نہیں ہوگا بلکہ سب جنرل آرمی چیف ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سائرہ بانو نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے اداروں پر انگلیاں اٹھتی تھیں، نواز شریف کالا کوٹ پہن کر یوسف رضا گیلانی کے خلاف سپریم کورٹ نہیں گئے تھے، عدلیہ ہو یا افواج پاکستان دونوں ہمارے لیے اہم ہیں، ایسا کام نہ کریں کہ چیزیں ہمارے ہاتھوں سے نکل جائیں، جی ڈی اے قومی اسمبلی سے عدلیہ سے متعلق قانون سازی کی مخالفت کرتی ہے۔

سائرہ بانو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آپ لوگوں نے معیشت تباہ کر دی اب اداروں کے پیچھے پڑ گئے ہیں، جب اپنے پاؤں جلے تو ادارے کے پیچھے پڑ گئے، یہ عوام کا ایوان ہے یا ان کے اپنے مسائل حل کرنے کا ایوان ہے، میں تو سمجھ رہی تھی عوام مہنگائی میں پس رہی ہے شائد ان کی بات ہو گی، توشہ خانہ کا ذکر تو ہوا لیکن یوسف رضا گیلانی کے ہار کا ذکر کرنا بھول گئے۔

جی ڈی اے کی رہنما سائرہ بانو نے کہا ایوان میں عوام کی بات کرنی چاہیے، جب چیزیں ہاتھ سے پھسل جائیں گی تو نقصان عوام کا ہو گا، بہت سال پہلے کہا گیا ہم ادھر تم ادھر، یہ تو ان کی بقا کی جنگ ہے، کہا گیا 2018 میں عمران کو مسلط کیا گیا، ہم اپنا لہو کس کے ہاتھ میں تلاش کریں، عمران کو لانے والوں کو تو انہوں نے چھوڑ دیا، داغی پھلوں سے تو کوئی فروٹ چاٹ نہیں بناتا انہوں نے تو حکومت بنا دی۔

سائرہ بانو نے مزید کہا کہ آپ قانون سازی کر رہے ہیں یہ تو کٹی، پھٹی اسمبلی ہے، میں اس قانون سازی کی مخالفت کرتی ہوں، عدلیہ ہویا افواج پاکستان ہمارے لیے محترم ادارے ہیں، مٹھی بھر جماعتوں کیلئے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، اسحاق ڈار نے توعوام سے شربت بھی دور کر دیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں