فوج اور سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں: طاہر اشرفی

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی طاہر محمود اشرفی نے آرمی چیف اور وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس اور جی ایچ کیو پر حملہ کیا یہ دہشت گرد ہیں اور قوم ان کی مدعی ہے، ان کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں۔

گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ملک کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے، کسی کیلئے لیڈر ہو گا، کسی کیلئے مکان، کسی کیلئے کچھ اور ریڈ لائن ہو گا، میرا فوجی کسی بھی میدان پر کھڑا ہے وہ رات کو اللہ سے شہادت مانگتا ہے پیسے نہیں مانگتا، ہمیں شخصیات سے اختلاف ہو سکتا ہے، پاکستان کی فوج اور سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ ایک ٹارگٹ کر کے پاک فوج اور سلامتی کے اداروں کو 9 مئی کو نشانہ بنایا گیا، کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جانا چاہیے اور بے گناہ کو سزا نہیں ہونی چاہیے، نظام عدل کا جو حشر نشر ہو رہا ہے اس کو ہم دیکھ رہے ہیں، یہ کونسا قانون ہے کہ جی ایچ کیو، جناح ہاؤس اور دیگر تنصیبات پر حملہ آور ہوا جائے، سہولت کاری کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔

طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ جو لوگ حملہ آوروں کیلئے نرمی کا لفظ استعمال کرتے ہیں ان کا پتہ کرنا چاہیے، زلمے خلیل زاد کو 9 مئی کے واقعے کے بعد روز پاکستان کی یاد آتی ہے، ان کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا جائے، امریکا کے 50 سینیٹرز کو ہماری خواتین یاد آتی ہیں، تمہیں خواتین کی فکر ہے لیکن تمہیں کبھی عافیہ صدیقی کی یاد نہیں آئی، اتنی فکر ہے تو عافیہ صدیقی کو واپس پاکستان بھیجا جائے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں