شہر قائد کا میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا: حافظ نعیم الرحمان

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی اکثریت ثابت نہیں کر سکے گی، شہر قائد کا میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے رابطہ ہے، پارٹیوں کے اپنے فیصلے ہوتے ہیں، کراچی کے عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا ہے، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ ہو رہی ہے، کے ای ایس سی کی نجکاری سے متعلق سپریم کورٹ میں ہماری درخواست زیرِ سماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کمپنیوں کا معاہدہ ریاست کے ساتھ ہوتا ہے، یہ خراب پلانٹ چلاتے ہیں، یہ اس لئے مفاد عامہ کا کیس ہے کہ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس عفریت سے ہماری جان چھڑائی جائے، 2015 میں ہیٹ ویو میں متعدد لوگ جاں بحق ہوئے، یہ کراچی ہے جو ملک کی معیشت چلاتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف ایک ہی پارٹی ہے، سپریم کورٹ سے بڑی چیز ملک میں کوئی نہیں ہے، نیپرا کی ہر سماعت میں صرف جماعت اسلامی شریک ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑوں گا، پتہ لگایا جائے کس کس نے ہمارے ٹیکسوں کے پیسے کھائے، کون کون سی حکومتیں اس میں شامل ہیں، پیپلزپارٹی کے نمبر پورے نہیں ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کو دیکھنا چاہیے کونسی جماعت کراچی کی خدمت کرے گی، یہ اپنی اکثریت پوری نہیں کر سکیں گے، شہر اقتدار کا میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں