الیکشن کمیشن کا صوبائی چیف سیکرٹریز کو انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی چیف سیکرٹریز کو ملک میں انتخابات کی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت تمام انتظامی افسران الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں، چیف سیکرٹریز انتخابات کی تیاریوں میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔

خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ملک کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی الیکشن کمیشن سےرابطے کی ہدایت دی جائے، پورے ملک میں انتظامی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ حساس اور غیر حساس الیکشن میٹریل رکھنے کیلئے محفوظ اور مناسب جگہیں فراہم کی جائیں، الیکشن میٹریل میں ریٹرننگ افسران کو فراہم کیے جانے والے ٹیبلٹس کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن میٹریل جن مقامات پر رکھا جائے وہاں بہترین سکیورٹی فراہم کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں