نگران وزیراعظم کی چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چلاس میں مسافر بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

واقعے سے متعلق اپنے بیان میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گلگت بلتستان کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملزمان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

نگران وزیراعظم نے شہداء اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلخانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی اور کہا ہے کہ معصوم نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا دہشتگردوں کی بزدلی کا ثبوت ہے۔

انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شاہراہ قراقرم پر نامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی اور 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں