حملہ بس پر نہیں پاکستان پر کیا گیا، دہشتگردوں کو جلد گرفتار کیا جائے: شہبازشریف

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چلاس سے آنے والی بس پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں شہداء کے اہلخانہ اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے، یہ بس پر نہیں، پاکستان پر حملہ ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان سکیورٹی فورسز کی طاقت سے قاتلوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائے گا، ایک منظم سازش سے بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف کی پالیسی پر عمل درآمد نہ روکا جاتا تو دہشت گردی دوبارہ سر نہ اٹھاتی۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے پاک فوج کے دو شہید جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل، قوم کے اتحاد اور سکیورٹی فورسز کی طاقت سے ارض پاک کو دہشت گردی کی ناپاکی سے پاک کریں گے۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بس ڈرائیور نے بہادری و جرات کا مظاہرہ کرکے مسافروں کو بچانے کی کوشش کی اس پر سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف نے شہداء کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کے لئے صبر اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں