9 مئی کو ایسا لگ رہا تھا جیسے کسی دشمن نے حملہ کردیا: محسن نقوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 9 مئی کو ایسا لگ رہا تھا جیسے کسی دشمن نے حملہ کر دیا ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ٹریلز پٹرول یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فرینڈز آف پولیس سے ہاتھ ملایا اور ان سے گفتگو کی۔

وفاقی وزیرداخلہ نے موٹر سائیکل اور گھڑ سوار یونٹ کا معائنہ کیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مارگلہ ٹریلز پٹرول یونٹ کے پولیس افسران سے ملاقات کی اور انہیں محنت سے فرائض ادا کرنے کی تلقین کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ 60 پولیس افسران پر مشتمل فورس مارگلہ ٹریلز پر گشت کرے گی، مارگلہ پٹرول یونٹ مارگلہ ٹریلز پر لوگوں کی حفاظت کے لئے تشکیل دیا گیا ہے، مارگلہ ٹریلز یونٹ کی تشکیل کا مقصد ٹریلز پر آنے والے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اگر کوئی شہری راستہ بھول جاتا ہے یا کوئی ایمرجنسی ہوجاتی ہے تو یہ افسران فوری مدد کے لئے پہنچیں گے، وفاقی وزیرداخلہ کی مارگلہ ٹریلز کے علاقے میں موبائل سگنل کا مسئلہ حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ موبائل ٹاور لگانے کا جائزہ لیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے نئی فورس بنائی ہے جس میں 60 جوان، 8 بائیک اور6 گھوڑے شامل ہیں، اگلا ہدف پولیس سٹیشنز ہیں، پولیس کے رویئے میں تبدیلی کیلئے کام کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے الگ فورس بنانے پر کام جاری ہے، گندم بحران میں پنجاب کا کوئی تعلق نہیں ہے، رشوت لینے اور دینے والا لعنتی اور بے غیرت ہے، 9 مئی کو جب واقعہ ہوا اس وقت میں وزیراعلیٰ تھا۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ 9 مئی میری زندگی میں ایسا دن ہے جسے بھول نہیں سکتا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں