محسن نقوی کی اسلام آباد میں زیر تعمیر جیل کا پہلا مرحلہ 6 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ میں جیل کی تعمیر کے پہلے مرحلے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت دے دی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ میں زیر تعمیر جیل کا دورہ کیا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کے بارے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2017 میں شروع ہوا، منصوبہ مکمل ہونے پر جیل میں 2 ہزار قیدی رکھنے کی گنجائش ہوگی، 2 ہزار مزید قیدی رکھنے کی گنجائش بڑھائی جا سکے گی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی پولیس کو تعمیراتی سرگرمیوں پر باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور جیل کی تعمیر کے پہلے مرحلے کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 7 برس تک منصوبے کو لٹکائے رکھنا صریحاً نااہلی ہے، دن رات کام کر کے جیل کی تعمیر کا کام ٹائم لائن میں مکمل کیا جائے، ضروری عملے کی تعیناتی کا عمل بھی فوری شروع کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں