ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی

خانیوال: (دنیا نیوز) ٹریفک کے مختلف حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 10 شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق خانیوال میں بہاولپور سے اوکاڑہ جاتے ہوئے گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے، متاثرہ گاڑی میں ایک ہی خاندان کے افراد سوار تھے۔

حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، پولیس نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی۔

ادھر عارف والا کے علاقے احمد یار روڈ پر تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں شوہر موقع پر دم توڑ گیا جبکہ پیچھے بیٹھی خاتون شدید زخمی ہو گئی ہے، کار ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاش اور زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد فرار ہونے والے کار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب پاکپتن کے نواحی علاقے میں آوارہ کتنے نے گھر کے باہر کھیلتی ہوئی 2 سالہ کمسن بچی پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی، جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، متاثرہ بچی کی شناخت طیبہ نور کے نام سے ہوئی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں