لاہور میں طوفانی بارش: مختلف حادثات میں بچی سمیت 3 افراد جاں بحق

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کے مختلف حادثات میں بچی سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

لاہور کے علاقے گجومتہ کے قریب بابا بلھے شاہ انٹرچینج گاؤں میں ٹی آر گارڈر کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے 6 افراد دب گئے، واقعہ کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 5 افراد کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

چھت گرنے کا دوسرا واقعہ شوکت خانم چوک کے قریب پیش آیا، چھت گرنے سے دو افراد ملبے تلے دب گئے، ریسکیو نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو ملبے کے نیچے سے نکال لیا۔

ریسکیو ٹیم نے ایک شخص کو ابتدائی طبی امداد دی جبکہ دوسرے شخص کو زخمی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کرنٹ لگنے سے اموات
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق نشاط کالونی کے علاقے میں نامعلوم شخص موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، بارش کے باعث بجلی کے کھمبے میں کرنٹ آگیا جس کے نتیجے میں نامعلوم 30 سالہ شخص موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ امدادی ٹیموں نے متوفی کی نعش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا، تاحال متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ادھر تھانہ کوٹ لکھپت کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی گھر سے تندور پر جانے کیلئے نکلا تھا کہ گلی سے گزرتے ہوئے بجلی کے پول کو ہاتھ لگ گیا اور اسے کرنٹ کا شدید جھٹکا لگا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی کو اپنی مدد آپ کے تحت جنرل ہسپتال لایا گیا مگر ہسپتال لانے سے پہلے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں