موٹرویز پر اشیا ئے ضروریہ کی ناقص کوالٹی کا معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) موٹرویز اور ہائی ویز پر کھانے پینے کی اشیاء کی ناقص کوالٹی اور قیمتوں کا معاملہ قومی اسمبلی پہنچ گیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے سروس ایریاز پرکھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں زیادہ وصول کئے جانے سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی نے پیش کیا، وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیا۔

آسیہ ناز تنولی نے کہا کہ قومی شاہراہوں کے ریسٹ ایریاز میں کھانے کی کوالٹی بہت ہی ناقص ہوتی ہے، کون لوگ ہیں جو وہاں نگرانی کریں گے۔

وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے جواب دیا کہ یہ بہت اہم مسئلہ ہے، میں تسلیم کرتا ہوں کہ میں نے اس کو چیک نہیں کروایا تھا، میں اب ذاتی طور پر چیک کرواتا ہوں، موٹروے پر بہت سی ایسی جگہیں بھی ہیں جہاں اچھی کوالٹی کی چیزیں بھی موجود ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں آپ نے جن چیزوں کی نشاندہی کی انہیں چیک کیا جائے گا، ناقص کوالٹی یا ایکسپائر چیزیں وہاں ہوتی ہیں جہاں سیل کم ہوتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں