الیکشن کمیشن کے تیسرے سٹریٹجک منصوبے 23-2019 کے متعلق رپورٹ جاری

اسلام آباد:(دنیا نیوز)پلڈاٹ نے الیکشن کمیشن کے تیسرے سٹریٹجک منصوبے 23-2019 پر عملدرآمد بارے تازہ رپورٹ جاری کردی۔

پلڈاٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن سٹریٹجک منصوبے پر عمل درآمد میں شفافیت کو بہتر بنائے، انتخابی اداروں میں اعتماد کی بحالی کے لیے شفافیت ناگزیر ہے، الیکشن کمیشن کو شفافیت اور احتساب کے ادارہ جاتی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں پلڈاٹ نے الیکشن کمیشن کے تیسرے سٹریٹیجک منصوبے پر عملدرآمد کے طریقہ کار، سالانہ رپورٹوں کے تاخیر سے اجراء پر خدشات کا اظہار کردیا ، سٹریٹجک منصوبے میں داخلی وخارجی دونوں قسم کے اقدامات پر توجہ دی جائے۔

پلڈاٹ نے داخلی اقدامات میں الیکشن کمیشن کے اپنے تنظیمی ڈھانچے اور خارجی اقدامات میں انتخابی انتظامات اور شراکت داروں کے ساتھ تعلقات بنانے پر زور دیا، پلڈاٹ نے یہ بھی لکھا کہ گزشتہ 15 سالوں کے دوران سٹریٹجک منصوبہ بندی میں الیکشن کمیشن کی مسلسل کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔

رپورٹ میں مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو عمل درآمد کے حوالے سے نگرانی اور رپورٹنگ کی خامی کو دور کرنے کی ضرورت ہے، الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا کہ مجموعی طور پر 88 فیصد پیش رفت ہوئی، انفرادی ستونوں پر پیش رفت 69 فیصد سے 95 فیصد تک رہی، الیکشن کمیشن نے سٹریٹجک منصوبے میں اہم وعدے کیے تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں