وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے مابین ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بحالی امن کیلئے اقدامات کو بار آور بنانے پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وفاقی وزیر دفاع کو بلوچستان کی صورتحال پر آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان میں امن کی بحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور سکیورٹی فورسز بحالی امن کیلئے کوشاں ہیں، بزدل دہشت گرد غریب مزدوروں کو سافٹ ٹارگٹ سمجھ کر نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، دہشت گردوں کا کوئی دین ایمان نہیں، تخریب کاروں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بحالی امن کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت کا اشتراک جاری رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں