اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکام کو سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکام کو سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری سے روک دیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اعتراضات کے ساتھ درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کو کل لاہور میں گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی، سلمان اکرم راجہ کو گرفتاری کا خدشہ ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ حفاظتی ضمانت دی جائے، ہمیں معلوم نہیں کس مقدمہ میں گرفتار کیا جا رہا تھا، تفصیلات طلب کی جائیں۔

جسٹس حسن اورنگزیب نے کہا کہ مقدمات کی تفصیلات تو سیکرٹری داخلہ کے ذریعے ہی طلب کی جا سکتی ہیں، گرفتاری سے روک دیتا ہوں لیکن عملدرآمد صرف اسلام آباد کی حد تک ہو گا۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کے خلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا۔

اس موقع پر جسٹس حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں