وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ بلوچستان کے دروازے عوام کے لئے کھول دیئے گئے

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلی سیکرٹریٹ بلوچستان کے دروازے عوام کے لئے کھول دئیے گئے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے صوبے کے دور دراز علاقوں سے آئے عوام نے ملاقات کی، وہ ہر خاص و عام سائل سے ملے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کو سائلین نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری کر دیئے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گورننس کو بہتر بنا کر عوامی مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جا سکتا ہے، عام آدمی صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات سے محروم اور مختلف مسائل کا شکار ہے، عوامی مفاد عامہ کے لئے قائم ادارے اپنے مینڈیٹ کے مطابق فعال کردار ادا کریں تو 90 فیصد مسائل مقامی سطح پر حل ہوسکتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہر کسی کو کام کرنا ہوگا، سرکاری ملازم عوام کے خادم اور مسائل حل کرنے کے ذمہ دار ہیں، سرکاری اداروں میں عوام کو بے جا تنگ کرنے کا سلسلہ بند کرکے عوامی مسائل حل کرنے ہوں گے۔

انہوں نے سرکاری ملازموں و اہلکاروں کو تنبیہ کی کہ جائز عوامی مسائل کے حل میں روڑے اٹکانے اور غریب افراد کو مصائب سے دوچار کرنے والے افسران اور اہلکار خود کو فارغ سمجھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں