پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز کی آپریشن ’’ TALON GRIP‘‘ میں شرکت

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز پی این ایس شمشیر نے آپریشن ’’ TALON GRIP‘‘ میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس شمشیر اس وقت خلیج عمان میں علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر تعینات ہے، علاقائی میری ٹائم سکیورٹی پٹرول پر تعیناتی کے دوران پی این ایس شمشیر نے شراکت دار اور دوست ممالک کے ساتھ آپریشن TALON GRIP (ٹیلون گرپ) میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق برطانیہ کی رائل نیوی کے جہاز ایچ ایم ایس لنکاسٹر کے ساتھ مشق کا انعقاد کیا گیا، مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو بہتر بنانے اور خطے میں مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کے تحت بحر ہند میں انسداد بحری قزاقی اور انسداد منشیات کے لیے بھی سرگرم ہے، پاک بحریہ بحر ہند میں قومی اور بین الاقوامی سمندری راستوں کی نگرانی کے لیے اپنی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں