سرکاری اداروں، وزارتوں کو جعل سازی پر مبنی ای میل حملوں سے نشانہ بنانے کا انکشاف

اسلام آباد: (حریم جدون) سرکاری اداروں اور وزارتوں کو جعل سازی پر مبنی ای میل حملوں کے ذریعے نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔

نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے سرکاری اداروں کو محتاط رہنے کیلئے ایڈوائزری جاری کردی۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ منظم جعل سازی ای میل مہم کے ذریعے متعدد سرکاری اداروں کے ای میل سسٹم کو نشانہ بنایا جارہا ہے، فشنگ ای میلز کے زریعے دھوکہ دہی پر مبنی لنکس پر کلک کرنے سے سرکاری دستاویز کمپرومائز ہوسکتی ہیں۔

نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کو نشانہ بنانے کے لیے آئی پی ایڈریس اور کلاؤڈ انفراسٹرکچر سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے، حملہ آور سرکاری ملازمین کو نشانہ بنانے کے لیے دھوکہ دہی والے ای میل ایڈریس استعمال کر رہے ہیں۔

ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ ای میل میں منسلک پی ڈی ایف اور لنکس دستاویز جمع کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں، فشنگ لنکس کے ذریعے سرکاری ملازمین کے یوزر نام اور پاس ورڈ چرائے جارہے ہیں۔

دوسری جانب نیشنل سرٹ نے سرکاری اداروں، وزارتوں، ڈویژنز اور ذیلی اداروں کو حملوں سے بچنے کے لیے سائبر سکیورٹی بڑھانے کی سفارش کردی۔

سرٹ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ادارے، وزارتیں اور ان کے ذیلی ادارے اپنے ای میل سکیورٹی میں اضافہ کریں، سرکاری ادارے سرکاری دستاویز کی محفوظ ہینڈلنگ کریں اور سرکاری ادارے تھریٹ انٹیلی جنس شیئر کریں تاکہ سائبر حملوں کی روک تھام کی جا سکے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں