مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا 27 ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں 27 ویں آئینی ترمیم لانے پر اتفاق ہوگیا۔

27 ویں ترمیم میں صوبوں کے حقوق سے متعلق خدشات دور کئے جائیں گے، مجوزہ ترمیم پر مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا، مشاورتی بیٹھک آج اسلام آباد میں دوبارہ ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف سے بلاول بھٹو کی ماڈل ٹاؤن لاہور میں ملاقات ہوئی، 26 ویں آئینی ترمیم میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے 27 ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بلاول بھٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے، پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اشاریے مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی نظر آ رہی ہے،

شہبازشریف نے مزید کہا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔

بلاول بھٹو نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوریت، پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کیلئے 26 ویں ترمیم کارگر ثابت ہوگی۔

پیپلزپارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں