دبئی: پاکستانی قونصلیٹ میں یوم سیاہ کشمیر پر تقریب، کشمیریوں کیساتھ یکجہتی

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں کشمیری اور پاکستانی برادری نے بھرپور شرکت کی، قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دن بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر شرکا کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کشمیر دیرینہ تنازع کشمیر حل نہ ہونے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔

قونصل جنرل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ سات دہائیوں سے مسلسل مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان کشمیر کے منصفانہ کاز کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، انہوں نے تمام پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لیے تمام لوگوں خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنا فعال کردار ادا کریں۔

حسین محمد نے زور دے کر کہا کہ آج کی ڈیجیٹل دنیا میں ہمارے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا چاہئے تاکہ دنیا کشمیری عوام کی مسلسل جدوجہد سے آگاہ ہو سکے۔

تقریب کے دوران کشمیری کاز کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیر کے یوم سیاہ پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے جبکہ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی جاری جدوجہد اور درپیش مشکلات پر خصوصی دستاویزی ویڈیوز بھی دکھائی گئی۔

تقریب میں کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں نے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا، انہوں نے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونے پر حکومت پاکستان اور عوام سے اظہار تشکر بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں