دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے قوم سکیورٹی فورسز کیساتھ ہے: محسن نقوی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے میجر عاطف خلیل اور سکیورٹی فورسز کے 2 جوانوں نائیک آزاد اللہ اور لانس نائیک عنضفر عباس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجرعاطف خلیل اور 2 اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا، محسن نقوی نے شہید میجر عاطف خلیل اور سکیورٹی فورسز کے دونوں اہلکاروں کے خاندانوں سے دکھ اورافسوس کا بھی اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ میجر عاطف خلیل اور سکیورٹی کے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، بہادر میجر عاطف خلیل اور دونوں سکیورٹی اہلکاروں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید میجر عاطف خلیل اور دونوں سکیورٹی اہلکاروں کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ شہید میجرعاطف خلیل اور شہید جوانوں کی لازوال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا، قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے قوم یکسو ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔