الیکشن جیت کر لبنانی عوام کو مصائب اورتباہی سے بچاؤں گا : ٹرمپ
واشنگٹن : (ویب ڈیسک ) سابق امریکی صدر اور وائٹ ہاؤس کے لیے ریپبلکن پارٹی کے موجودہ امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا ہے کہ وہ الیکشن جیت کر لبنانی عوام کو مصائب اورتباہی سے بچانے کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے لبنانی نژاد امریکیوں کو ایک پیغام کہا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے حصول کے لیے کام کریں گے، لبنانی نژاد ووٹرز انہیں امن کے لیے ووٹ دیں۔
انہوں نے اپنے لبنانیوں کے نام اپنے مکتوب میں کہاکہ "میری مدت صدارت کے دوران ہم نے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کیا تھا، ہم بہت جلد دوبارہ امن قائم کریں گے!"۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ "کملا ہیرس اور جو بائیڈن کی وجہ سے پیدا ہونے والی پریشانیوں کو دور کریں گے، لبنانیوں کو مصائب اور تباہی سے نجات دلائیں گے‘‘۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ مشرق وسطیٰ کو "حقیقی اور پائیدار امن کی طرف لوٹتے ہوئے" دیکھنا چاہتے ہیں، ہم اسے صحیح طریقے سے حاصل کرنے کے لیے کام کریں گے تاکہ ہر 5 یا 10 سال بعد دوبارہ ایسا نہ ہو"۔
صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں تمام لبنانی فرقوں کے درمیان برابری کی شراکت کو برقرار رکھوں گا، لبنان میں آپ کے دوست اور خاندان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے ساتھ رہنے کے مستحق ہیں، امن اور خوشحالی صرف استحکام سے حاصل کیا جا سکتا ہے‘‘۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا لبنانی عوام کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ میں مقیم لبنانی کمیونٹی کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔