پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پرسائبر حملے، نیشنل سرٹ ایڈوائزری جاری
اسلام آباد: (حریم جدون) پاکستان میں واٹس ایپ اکاؤنٹس پر سائبر حملوں میں اضافے کے بعد کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی۔
نیشنل ایڈوائزری کے مطابق ہیکنگ کے ذریعے واٹس ایپ صارفین کی حساس کمیونیکیشن تک رسائی کا انکشاف ہوا، واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرکے ذاتی اور آفیشل پیغام تک رسائی حاصل کی جاتی ہے، سائبر سکیورٹی ایڈوائزری میں صارفین کو اہم حفاظتی اقدامات کی ہدایات کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق صارفین ہیکنگ سے بچنے کیلئے واٹس ایپ پر مضبوط پاسورڈ استعمال کریں، واٹس ایپ صارفین نامعلوم لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں، صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بائیو میٹرک کے ذریعے لاک رکھیں، پبلک وائی فائی پر وٹس ایپ کا استعمال سائبر حملوں کا باعث بن سکتا ہے۔
نیشنل ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ صارفین واٹس ایپ اکاؤنٹ پر سرگرمی کی نگرانی کریں، صارفین کو کلاؤڈ بیک اپ کو غیر فعال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سرٹ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ صارفین واٹس ایپ پر بلٹ ان سکیورٹی فیچرز استعمال کریں، صارفین اینٹی وائرس اور اینٹی مالوئیر سافٹ ویئر انسٹال کریں۔
ایڈوائزری میں صارفین کو واٹس ایپ سکیورٹی اپ ڈیٹس سے متعلق آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، صارفین کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔