امریکا میں انتخابی مہم کا آخری ہفتہ، ٹرمپ اور کملا میں سخت جملوں کا تبادلہ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں انتخابی مہم کا آخری ہفتہ، ٹرمپ اور کملا ہیرس میں سخت جملوں کا تبادلہ جاری ہے۔

ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست پنسلوینیا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کملا ہیرس کونااہل ، کند ذہن اور امریکا کیلئے مکمل تباہی قرار دیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کملاہیرس صدر بن کر عالمی رہنماؤں کیلئے ایک کھلونے کی مانند ہوں گی۔

دوسری جانب ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی توجہ صرف اپنی ذات پر ہے۔

کملا ہیرس نے کہا کہ ٹرمپ اپنی نئی مدت کا آغاز دشمنوں کی فہرست سے کریں گے، ٹرمپ نے 4سال قبل شکست کے بعد مسلح افراد کو کیپٹل ہل پر حملے کیلئے بھیجا۔

امریکی میڈیا کے مطابق انتخابی جائزوں کے مطابق ہیرس اور ٹرمپ کے درمیان بعض اہم ریاستوں میں سخت مقابلہ متوقع ہے، دونوں صدارتی امیدوار ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: صدارتی انتخاب : امریکی ریاست جہاں مشرق وسطیٰ کی جنگ نتیجہ بدل سکتی ہے

پانچ نومبر کوہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں سوشل سکیورٹی کی اہمیت ایک بار پھر عوامی توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جیسا کہ سستی رہائش اور خاندانوں کیلئے مالی امداد اورحکومت کے تحت چلنے والے پنشن اور صحت کی دیکھ بھال کے پروگرام، جوسوشل سکیورٹی اور میڈی کیئر کےنام سے معروف ہیں۔

سوشل سکیورٹی اور میڈی کیئر کے حوالے سے ٹرمپ پائیداری کو یقینی بنانا چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں کمی، صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی نجکاری کے آپشنز کو بڑھا کر، اور ان اخراجات میں کمی لا کر فروغ دیا جاسکتا ہے۔

کملا ہیرس سوشل سکیورٹی کے توسیعی ایکٹ کے ذریعےاس کے فوائد کو بڑھانا چاہتی ہیں، ہیرس کا کہنا ہے کہ بوڑھوں اور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے خاندانوں پر بوجھ کم کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی صدارتی انتخابات: قبل ازوقت ووٹنگ جاری، سوئنگ ریاستوں میں ریکارڈ ٹوٹ گئے

سستی رہائش کی پالیسی کے حوالے سے ٹرمپ تعمیرات اور زمین کے استعمال کے ضابطوں میں کمی لا کر ہاؤسنگ میں اضافے اور گھروں کی قیمتیں کم کر کے ہاؤسنگ مارکیٹ کی ترقی کا فروغ چاہتے ہیں۔

کملا ہیرس ٹیکس مراعات اور سستے مکانات کی تعمیر میں مدد کے لیے، وفاقی فنڈز میں اضافے کی وکالت کرتی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کا منصوبہ اگلے چار برسوں میں 30 لاکھ نئے گھروں کا اضافہ کرے گا۔

کم آمدنی والے خاندانوں کی مالی امداد کیلئے ٹرمپ چائلڈ ٹیکس کریڈٹ پروگرام کی توسیع کرنے کا وعدہ کرتے ہیں، جس سے بچوں کی پرورش کیلئے 2 ہزار ڈالر کی امداد دی جاتی ہے، اس پروگرام کی میعاد 2025 میں ختم ہو رہی ہے۔

ادھر کملا ہیرس بھی چائلڈ پروگرام کی بات کرتی ہیں، مگر وہ اسے بغیر آمدنی والے خاندانوں تک بڑھانا چاہتی ہیں تاکہ نوزائیدہ بچوں والے تمام خاندانوں کو فی بچہ 6 ہزار ڈالر ٹیکس کریڈٹ مل سکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ بچوں یا بیمار رشتہ داروں کی دیکھ بھال کرنے والے وفاقی ملازمین کیلئے تنخواہ کے ساتھ 12 ہفتوں کی چھٹی کی تجویز پیش کرتے ہیں جبکہ انہوں نے کم آمدنی والے کارکنوں کو فیملی چھٹی دینے والی کمپنیوں کیلئے ٹیکس کریڈٹ کے قانون پر دستخط کیے تھے۔

اس حوالے سے کملا ہیرس تمام ملازمین کیلئے 12 ہفتوں کی معاوضے کے ساتھ فیملی اور میڈیکل چھٹی کی حمایت کرتی ہیں جس کی فنڈنگ کمپنی مالکان اور ملازمین کے درمیان مشترکہ پے رول ٹیکس کے ذریعے کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں