حسن نصراللہ کے تیار کردہ جنگی منصوبے پر عملدرآمد جاری رکھیں گے: نعیم قاسم

بیروت: (ویب ڈیسک) حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے کہا کہ وہ حسن نصر اللہ کے تیار کردہ جنگی منصوبے پر عملدرآمد جاری رکھیں گے۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں کہا ہے کہ ان کا پروگرام اپنے پیشرو حسن نصر اللہ کے راستے پر چلنا ہے۔

حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے کہا کہ غزہ کی حمایت کرنا ہمارا فرض تھا، ہم غزہ کی حمایت کے لئے محاذ میں شامل ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے کہا اسرائیل 7 اکتوبر 2023ء کے فوراً بعد ہمارے خلاف جنگ شروع کرنا چاہتا تھا، ایران وہ ہے جس نے ہمارے منصوبے کی حمایت کی، ہم کسی کی طرف سے نہیں لڑ رہے۔

انہوں نے ریکارڈ شدہ تقریر میں مزید کہا کہ یہ ہم اپنی سرزمین پر لڑ رہے ہیں اور کوئی ہم سے کچھ نہیں مانگ رہا ہے، انہوں نے نشاندہی کی کہ ایرانی پاسداران انقلاب میں قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی جنہیں 4 سال قبل بغداد کے ہوائی اڈے پر ایک امریکی حملے میں قتل کر دیا گیا تھا یہ وہ شخص تھے جنہوں نے مزاحمت کے محور کی قیادت کی اور اسے باصلاحیت بنایا۔

انہوں نے لبنان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 17 ستمبر کو پھٹنے والے پیجر آلات پر بات کرتے ہوئے کہا پیجر حملوں میں ہمارے ارکان میں سے 4000 مرد اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ نے نصر اللہ کے قتل کے بعد 8 دن کے اندر اپنی صفوں کو دوبارہ منظم کرلیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزب اللہ میں اب بھی پہلی صفوں کے رہنما موجود ہیں، حزب اللہ مہینوں تک جاری رہنے والی جنگ کے لئے تیار ہے، ہم جنگ بندی کی بھیک نہیں مانگیں گے اور ہم اپنی شرائط پر اسرائیل کے ساتھ جنگ بند کریں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں