راولپنڈی: کھلے مین ہول میں گرنے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق
راولپنڈی: (دنیا نیوز) کھلے مین ہول میں گرنے والا 6 سالہ بچہ مین ہول سے گہرے نالے میں جاگرا اور ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
واقعہ تھانہ صادق آباد کے علاقے میں پیش آیا، بچہ گلی میں کھیل رہا تھا اور کھیلتے ہوئے گلی میں موجود کھلے مین ہول میں گرا جہاں سے وہ گہرے نالے میں جاگرا۔
واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو ٹیم نے بچے کو نکال کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا، جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت مجاہد یعقوب کے نام سے ہوئی ہے۔
اہلیان علاقہ نے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلے مین ہول کی شکایت متعدد مرتبہ میونسپل کارپوریشن کو کی گئی لیکن شکایات کے باوجود کسی نے توجہ نہ دی۔