وزیراعلیٰ سندھ نے تھرکے کوئلے کو ملک میں بجلی کا سب سے سستا ذریعہ قرار دیدیا
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے تھرکے کوئلے کو ملک میں بجلی کا سب سے سستا ذریعہ قرار دے دیا۔
مراد علی شاہ نے تھر کول انرجی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تھر کے کوئلے سے سستی ترین بجلی پیدا کی جا رہی ہے، تقسیم کی رکاوٹوں کے باعث سستی بجلی کی فراہمی ممکن نہیں ہو پا رہی، وفاقی اور سندھ حکومت ملک میں بجلی کی لاگت کم کرنے کیلئے تھر میں انفرا اسٹرکچر بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تھر 2640 میگاواٹ بجلی پیدا کرکے ملک کا سب سے کم لاگت توانائی کا ذریعہ بن گیا ہے، تھر سے 60 لاکھ گھرانوں کو بجلی کی سپلائی ہو رہی ہے۔
وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن فخر عالم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جامشورو، تھل اور ساہیوال کول پاور پلانٹس کو تھر کول پر شفٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاور ڈویژن تینوں پراجیکٹ کی سٹڈی کروا رہے ہیں تاکہ تھر کول پر ٹرانسفر ہوسکیں۔