شہدائے اے پی ایس کی قربانی کی داستان ناقابل فراموش ہے: علی امین گنڈا پور

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ شہدائے اے پی ایس نے قربانی کی ایک ایسی داستان رقم کی جو کبھی فراموش نہیں کی جا سکے گی۔

سانحہ آرمی پبلک سکول کی 10ویں برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کا دلخراش واقعہ ملکی تاریخ کا نہایت اندوہناک سانحہ ہے، اے پی ایس کا سانحہ ناقابل فراموش ہے جس نے ہر ایک آنکھ کو اشکبار کیا، اس اندوہناک سانحہ نے ملک میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے پوری قوم، حکومت اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کر دیا، شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا، آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کیا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ اس المناک واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے، اس سانحے کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ آج کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے کیونکہ اس دن ان کے جگرگوشے ہمیشہ کے لئے اُن سے جدا ہوگئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں