وزیراعظم کا ہرجانے کا دعویٰ: عمران خان کی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہر جانے کے دعویٰ کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال چودھری نے وزیر اعظم شہباز شریف کے دعویٰ کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی نے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کرنے والی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ قانون کے تحت ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے والے کو بیان کیلئے خود عدالت میں پیش ہونا ہے، ٹرائل کورٹ نے شہباز شریف کے ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے کے اعتراض کو رد کر دیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کے شہباز شریف کو ذاتی حیثیت میں طلب نہ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔