کراچی: یوم شہادت حضرت علی ؓ کے مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان تیار

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں یوم شہادت حضرت علی ؓ کے موقع پر مرکزی جلوس کا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق 22 مارچ 21 رمضان المبارک کو مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہو گی جبکہ مجلس کے اختتام کے بعد جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہو گا۔
پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ گرومندر سے ٹاور تک عام ٹریفک کے لیے بند کردی جائے گی، متبادل راستوں پر رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کے اہلکار تعینات ہوں گے، جلوس نشتر پارک سے نمائش، ایم اے جناح روڈ، سی بریز سے صدر ایمپریس مارکیٹ پہنچے گا۔
جلوس صدر ریگل سے گزرتے ہوئے تبت سینٹر پر ایک بار پھر ایم اے جناح روڈ پر آئے گا جبکہ جلوس ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ سے کھارادر حسینیہ امام بارگاہ پر اختتام کو پہنچے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ناظم آباد سے آنے والے افراد لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن سے اپنی منزل کی جانب جاسکتے ہیں، لیاقت آباد سے تین ہٹی سے لسبیلہ چوک اور بائیں جانب ٹرن کر کے سینٹرل جیل کی جانب جا سکتے ہیں۔
حسن سکوائر سے پی پی چورنگی جانے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ سے سوسائٹی لائٹ سگنل کی طرف بھیجا جائے گا، ٹریفک کو جیل فلائی اوور سے تین ہٹی سے نشتر روڈ (لسبیلہ چوک) کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
شاہراہ قائدین سے نمائش جانے والے والی ٹریفک سوسائٹی لائٹ سگنل سے دائیں جانب کشمیر روڈ کا راستہ اختیار کرے گی، جمشید روڈ سے گرومندر کی جانب جانے والے بہاردر یار جنگ روڈ سولجر بازار سے اپنی منزل کی جانب جا سکتے ہیں۔