کوہاٹ: پولیس نے ڈاکٹر مہوش کے مطلوب ملزمان کی تصاویر جاری کردیں
پشاور: (دنیا نیوز) کوہاٹ پولیس نے ڈاکٹر مہوش کے قتل میں مطلوب ملزمان کی تصاویر جاری کر دیں جبکہ ڈاکٹر مہوش کے قتل میں دو ملزمان مطلوب ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہباز الٰہی کا کہنا ہے کہ مقدمے میں مطلوب ملزمان میں حیات گل اور سیف علی خان شامل ہیں، جو واردات کے بعد سے روپوش ہیں، دونوں ملزمان کی شناخت مختلف شواہد اور زاویوں سے کی گئی ہے وہ آپس میں قریبی دوست ہیں۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم حیات گل کی کوہاٹ ہسپتال میں ڈاکٹر مہوش سے ایک مریض کے چیک اپ کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی، ابتدائی تحقیقات میں افطاری کے بعد جب ڈاکٹر مہوش جب ہسپتال سے گھر جا رہی تھیں تو ہسپتال سے کچھ فاصلے پر نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئیں۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تلاش جاری ہے۔
محکمہ پولیس نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ جس کسی کو بھی ملزمان کے بارے میں معلومات ہوں وہ فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن پر اطلاع دے۔