عمران خان نے سہیل آفریدی کو سٹریٹ موومنٹ کا ٹاسک دیا ہے: لطیف کھوسہ

لاہور:(دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف سردارلطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عمران خان نےسہیل آفریدی کو سٹریٹ موومنٹ کا ٹاسک دیا ہے۔

پروگرام’ دنیا مہربخاری کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آج میں نےسپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی فکر بالکل اور غصہ جائز ہے، وکیل بیچارہ کیا کرے،عدلیہ اورآئین کو پامال کر دیا گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بہن ماں کی طرح ہوتی ہے تنقید اُن کا حق ہے، میں بہنوں کو بالکل موردِ الزام نہیں ٹھہراؤں گا، جو میں نے کیس لڑے اُن میں بانی پی ٹی آئی کو 100 فیصد ریلیف دلایا، دوسرے وکیلوں کے کیسز میں مداخلت نہیں کرسکتا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جس کو مختارنامہ دیا جاتا ہے وہی اِس کیس میں بحث کر سکتا ہے، سلمان صفدر اِس کیس میں وکیل نہیں تھے اِس لیے انہیں فرینڈ آف دی کورٹ بنایا گیا، فرینڈ آف دی کورٹ کی رپورٹ کی سفارشات پر کام نہیں ہوا۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ آج بھی عدالت سےکہا بانی کی بہنوں کو علاج سے متعلق مطمئن کیا جائے، ہمیں توقع ہے علاج سے متعلق کیس کی سماعت جلد ہو گی، ہمیں جیل تک رسائی نہیں دی جا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تین مرتبہ فوڈ پوائزننگ ہوچکی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بہنیں اپنے بھائی کی صحت کے لیے فکرمند ہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوسکتا، جب کہ عمران خان نےسہیل آفریدی کو سٹریٹ موومنٹ کا ٹاسک دیا ہے۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سٹریٹ موومنٹ کی وجہ سے رہائی فورس کا اعلان کیا، رہائی فورس کے ذریعے نوجوانوں کو آگے لایا جائے گا۔

سردار لطیف کھوسہ کا مزید کہنا  تھا کہ جو کچھ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اُس کا عشْرِ‌عَشِیر بھی آصف زرداری کے ساتھ نہیں ہوا، جب پیپلزپارٹی میں تھا تو ہم نے زرداری رہائی کمیٹی بنائی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں