جنوبی کورین فضائیہ کا ایف 16 سی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ
یونگجو: (ویب ڈیسک) تربیتی مشقوں میں مصروف جنوبی کوریا کی فضائیہ کا ایف 16 سی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ یونگجو شہر کے قریب پہاڑی سلسلے میں پیش آیا، پائلٹ طیارے سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگیا، فوری طور پر پائلٹ کے زخمی ہونے یا کسی عام شہری کے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔
حادثے کے باعث جنگل میں بھی آگ بھڑک اٹھی، تاہم حکام کے مطابق آگ کے پھیلنے کا خطرہ کم ہے اور اس پر جلد قابو پا لیا جائے گا، جنوبی کورین فضائیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے نائب چیف آف سٹاف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔
خیال رہےکہ 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں یہ امریکی ساختہ ایف 16 طیارے کو پیش آنے والا دوسرا حادثہ ہے، اس سے قبل ترک ایئر فورس کا ایک ایف 16 مغربی ترکیہ میں ایک ہائی وے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔