سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، سپاہ محمد سے وابستہ مبینہ ٹارگٹ کلر گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی سول حساس ادارے کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم سپاہ محمد سے وابستہ مبینہ ٹارگٹ کلر سید محمد عسکری عابدی کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے، جبکہ ملزم کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک کے ایڈیشن 10 میں شامل انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں بھی شامل تھا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم طویل عرصے سے روپوش تھا اور کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم کے دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ملزم کے مطابق وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہلے ہدف کی ریکی کرتے اور اس کے بعد اسے نشانہ بناتے تھے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ تھانہ جمشید کوارٹر میں ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 312/2004 اور 64/2005 درج ہے، جبکہ تھانہ فیروز آباد میں مقدمہ نمبر 64/2005 اور تھانہ تیموریہ میں مقدمہ نمبر 259/2005 بھی درج ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف حالیہ کارروائی کے بعد مزید دو مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔ مقدمہ نمبر 77/2026 ایکسپلوسیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا، جبکہ مقدمہ نمبر 78/2026 سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش اور جوائنٹ انویسٹی گیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور مبینہ نیٹ ورک تک رسائی کے لیے کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی سول حساس ادارے کی جانب سے ملزم کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...