یومِ دفاع شہداء کی قربانیوں کو فخر سے یاد کرنے کا دن ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور:(دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی محمد احمد خان نے یومِ دفاع کے موقع پر شہداء اور قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو فخر سے یاد کرتی ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس میجر عزیز بھٹی شہید جیسے عظیم سپوتوں کی مثال موجود ہے جب کہ ایم ایم عالم جیسے قومی ہیروز نے اپنی شاندار کارکردگی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، جس کا تذکرہ آج بھی تاریخ کے روشن باب کے طور پر ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ  1965 کی جنگ میں بھارت نے پاکستان کو فتح کرنے کے ارادے سے جنگ مسلط کی، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کو پیچھے دھکیل دیا اور بھارت کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ1965  کی جنگ 17 روز تک جاری رہی اور مذاکرات و تاشقند معاہدے کے نتیجے میں اختتام پذیر ہوئی۔

محمد احمد خان نے کہا کہ 1971 کی جنگ کے واقعات بھی قومی تاریخ کا حصہ ہیں، پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ لڑ رہا ہے اور اس جنگ میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد نے جانوں کی قربانیاں دیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ طلبہ، معصوم بچوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے دہشت گردی کا سامنا کیا، جبکہ مساجد میں عبادت کرنے والے نمازی اور مزارات و درباروں پر جانے والے زائرین بھی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، یومِ دفاع ہمیں ان تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

محمد احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ ففتھ جنریشن وارفیئر کے دوران بھی پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا اور اثراندازی کے شواہد موجود ہیں، اس لیے قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...