پاکستان چاروں صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان چاروں صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔
سلام کراچی فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کراچی نے ہمیشہ پاکستان کو لیڈ کیا ہے اور یہ شہر روشنیوں کے ساتھ ساتھ زندہ دل لوگوں کا شہر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے علاوہ کسی اور صوبے میں بلدیاتی نظام موجود نہیں جب کہ بلدیہ کراچی شہر کی ترقی کے لیے اہم اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا، مسلح افواج نے ہر محاذ پر بھارت کو عبرتناک شکست دی، جبکہ حالیہ جنگ میں بھی ہماری افواج نے بھارت کو چند گھنٹوں میں منہ توڑ جواب دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کو کامیابیاں ملیں اور بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ بہترین کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک یا صوبے کو اگر کوئی بری نظر سے دیکھے گا تو صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا سپاہی اسی طرح جواب دے گا جیسے پہلے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے چاروں صوبوں کے ساتھ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، کراچی روشنیوں کا شہر اور زندہ دل لوگوں کا شہر ہے، جس نے ہمیشہ پاکستان کو لیڈ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments