پاک بحریہ نے سمندر میں گرنے والے کارگو طیارے کے بلیک باکس کی نشاندہی کر لی
کراچی:(دنیا نیوز) شہرِ قائد میں جولائی کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کے بلیک باکس کا مقام پاک بحریہ نے تلاش کر لیا۔
پاک بحریہ کے مطابق زیرِ آب طیارے کے ملبے اور بلیک باکس کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر آپریشن گزشتہ دو ماہ سے جاری ہے، اس دوران سمندر میں 3 ہزار 200 میٹر کی گہرائی میں بلیک باکس کے مقام کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بلیک باکس کے مقام کا سراغ نیشنل انجینئرنگ اینڈ سائنٹیفک کمیشن (NESCOM) کے تیار کردہ خصوصی آلات کی مدد سے لگایا گیا، پاک بحریہ نے بلیک باکس کے مقام سے متعلق تمام معلومات بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کو فراہم کردی ہیں۔
پاک بحریہ کے مطابق سمندر کی انتہائی گہرائی میں بلیک باکس کے مقام کی نشاندہی اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے، انتہائی مشکل اور پیچیدہ حالات کے باوجود طیارے کے بلیک باکس اور ملبے کی تلاش کا آپریشن مسلسل جاری رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments