پشاور ہائیکورٹ کی سہیل آفریدی کے وکلاء کو آخری وارننگ

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے ہری پور ضمنی الیکشن میں سرکاری افسران کے خلاف بیان دینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف سہیل آفریدی کی درخواست کی سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

جسٹس ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار اور الیکشن کمیشن کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔

سہیل آفریدی کے وکیل نے عدالت سے آج کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آج ہی وکالت نامہ جمع کرایا ہے، اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔

جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ ایسا تو نہیں ہوتا ہے۔ عدالت نے سہیل آفریدی کے وکلاء کو آخری وارننگ دیتے ہوئے قرار دیا کہ آج کے بعد کسی صورت کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لا خرم ذیشان نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کی استدعا پر اب تک چھ بار سماعت ملتوی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بار بار سماعت ملتوی کرنے پر اعتراض کیا۔

خرم ذیشان کے مطابق الیکشن کمیشن میں بھی کیس کے میرٹ پر سماعت ہوئی ہے اور اس دوران سہیل آفریدی کی جانب سے کوئی اعتراض عائد نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی درخواست اب قابل سماعت نہیں رہی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لا الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اس کیس میں اب تک الیکشن کمیشن نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

عدالت نے سہیل آفریدی کے وکلاء کو آخری وارننگ دیتے ہوئے قرار دیا کہ آج کے بعد کیس ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ جسٹس ارشد علی نے کہا کہ اگر کوئی بھی پیش نہیں ہوا تو عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...