صوبے کو انتشار نہیں خدمت کی ضرورت ہے، مریم نواز کی خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کو 13 برس صرف دھرنے، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے، آج اگر خیبر پختونخوا گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں سن رہا ہے تو یہ عوام کا نہیں بلکہ 13 سالہ نااہلی کا قصور ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں سے سوال ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا ایک ہی ملک میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی آئین اور ایک ہی قومی خزانے کے حصہ دار ہیں، پھر ایک صوبے میں ترقی کا سفر اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں؟ فرق وسائل کا نہیں، نیت اور اہلیت کا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر پنجاب ستھرا ہو سکتا ہے تو خیبر پختونخوا کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں صفائی نہیں، صرف سیاست ہوئی، اگر پنجاب کے ہونہار بچوں کو سکالرشپ مل سکتی ہے تو خیبر پختونخوا کے بچوں کو کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں ترجیح بچے نہیں، دھرنے تھے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کی مائیں بے فکر ہیں تو خیبر پختونخوا کی مائیں خوف میں کیوں ہیں؟ کیونکہ وہاں توجہ عوام کی حفاظت پر نہیں بلکہ اسلام آباد پر چڑھائی پر رہی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں گرین الیکٹرو بسیں چل سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا میں کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں منصوبے زمین پر نہیں، صرف سوشل میڈیا پر چلے

مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر پنجاب کے گاؤں تک پختہ سڑکیں پہنچ سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کی سڑکیں ادھوری کیوں ہیں؟ کیونکہ وہاں وعدے ہوئے، کام نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اگر پنجاب میں مفت دوا، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کی سہولت دہلیز پر دستیاب ہے تو خیبر پختونخوا کا مریض بے بس کیوں ہے؟ کیونکہ وہاں عوام کی صحت سے زیادہ اقتدار عزیز رہا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ان تمام سوالات کا جواب ایک ہی ہے، 13 سالہ انتشار اور نااہلی۔ پنجاب نے ثابت کر دیا کہ حکومتیں بڑھکوں سے نہیں بلکہ کام، کام اور کام سے چلتی ہیں، خیبر پختونخوا کو اب انتشار نہیں، خدمت چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...