اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر کا آرڈر اور انتخابی شیڈول چیلنج کرنے کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عمیر مجید ملک چوہدری امجد علی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کریں گے، بیرسٹر عادل عزیز قاضی درخواست گزار کی جانب سے کیس کی پیروی کریں گے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرانی حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت کا تعین کیے بغیر انتخابات نہیں کرائے جا سکتے، اسلام آباد کے بلدیاتی اداروں کی قانونی مدت فروری 2021 میں ختم ہو چکی ہے جبکہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے مطابق مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا قانونی طور پر لازمی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی فیصلے تک انتخابی عمل معطل یا ملتوی کیا جائے اور قانونی تنازع حل ہونے تک نئی اور شفاف حلقہ بندیاں کرانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار نے الیکشن کمیشن کے 21 اکتوبر 2026 کے آرڈر اور انتخابی شیڈول کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کرنے کی بھی استدعا کی ہے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن، وزارت داخلہ، وزارت قانون اور سی ڈی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن نے 2 سے 6 نومبر 2026 تک کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت مقرر کیا ہے جبکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر 2026 کو ہونا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن پرانی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر انتخابات کرانا چاہتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 12 دسمبر 2024 کو حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا تھا جبکہ 26 دسمبر 2025 کو انتخابی پروگرام کا نیا شیڈول دیا گیا تھا، جس کے تحت پولنگ 15 فروری 2026 کو ہونا تھی، تاہم قانونی ڈھانچے میں تبدیلی کے باعث یہ پروگرام واپس لے لیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 9 جنوری 2026 کو لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس نمبر 2 جاری کیا گیا، جو 10 جنوری کو شائع ہوا، آرڈیننس کے تحت 3 ٹاؤن کارپوریشنز اور ملٹی ممبر وارڈز کا فریم ورک تجویز کیا گیا تھا۔
درخواست کے مطابق سینیٹ ریکارڈ میں آرڈیننس کو 7 مئی 2026 کو 120 دن کی توسیع دی گئی، جو ستمبر 2026 میں ختم ہو گئی جبکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے 3 ستمبر 2026 کو ترمیمی بل منظور کرنے کی سفارش کی تھی۔
درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن نے 25 اگست 2026 کو یونین کونسلز کی حلقہ بندیوں کا ٹائم ٹیبل تبدیل کیا جبکہ 14 اکتوبر 2026 کی فارم 09 کی حتمی فہرستوں میں 3 ٹاؤن کارپوریشنز کے تحت 130 یونین کونسلیں ظاہر کی گئی ہیں، اس کے برعکس لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت 125 یونین کونسلز اور 1125 جنرل وارڈز کا نظام موجود تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments