ٹوئٹر کا یکم اپریل سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بلیو ٹِکس ہٹانے کا اعلان

کیلی فورنیا : ( ویب ڈیسک ) سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے یکم اپریل سے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بلیو ٹِکس کو ہٹانے کا اعلان کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر انتظامیہ نے اپنے آفیشل پیج کے ذریعے جاری کئے گئے ایک پیغام میں بتایا کہ یکم اپریل سے صارفین کے تصدیق شدہ اکاؤنٹس سے بلیو ٹِکس کو ہٹانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

ٹوئٹر نے انفرادی صارفین اور تنظیموں سے کہا ہے کہ وہ اپنے بلیو چیک مارکس کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے فلیگ شپ سبسکرپشن پروگرام کے لیے سائن اپ کریں۔

خیال رہے کہ ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو پاکستان میں بھی متعارف کرا دیا گیا ہے جبکہ پاکستان میں ویب ورژن کے صارف 2250 روپے ماہانہ ادا کر کے ٹوئٹر بلیو کے صارف بن سکتے ہیں، البتہ سالانہ فیس ادا کرنے پر کمپنی کی جانب سے رعایت دی جائے گی۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو خریدنے کے بعد نومبر 2022 کے شروع میں ٹوئٹر بلیو سروس کو متعارف کرایا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں