عید کے بعد گورنر ہاؤس سندھ میں آئی ٹی کورسز کرانے کا اعلان

کراچی: (دنیا نیوز)عید کے بعد گورنر ہاؤس سندھ میں 50 ہزار لوگوں کو آئی ٹی کورسز کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا، پہلے مرحلے میں خواتین کو کورسز کرائیں گے۔

کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری برنس روڈ کی فوڈ سٹریٹ پر قائم ریسٹورنٹ میں سحری کرنے کیلئے فیملی اور دوستوں کے ہمراہ پہنچے، اس موقع پر انہوں نے گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کورسز کرانے کا بڑا اعلان کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عید کے بعد گورنر ہاؤس میں 50 ہزار لوگوں کو آئی ٹی پروگرام کروا رہے ہیں، جس کے ذریعے لوگ موبائل فون پر کام کر کے پیسے کماسکیں گے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ جہاں جاتا ہوں سوشل میڈیا پر بتاتا ہوں تاکہ لوگوں کی مجھ تک رسائی آسان ہو، لوگ سٹریٹ کرائم، مہنگائی سے پریشان ہیں، باغات کے مالکان فروٹ مہنگا دے رہے ہیں، میں ان سے بھی بات کروں گا، لوگوں کے مسائل پر میں نے سندھ حکومت کو بھی خط لکھا ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ لوگ بہت پریشان ہیں گھروں میں پانی تک نہیں آرہا، سندھ حکومت کو دوبارہ خط لکھا ہے۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ نے برنس روڈ پر مشہور دھاگا کباب و نہاری سے سحری کی اور عوام میں گھل مل گئے، لوگوں نے بھی گورنر سندھ کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں