کراچی کی منڈی میں خاص قسم کی گائے توجہ کا مرکز، قیمت 1 کروڑ روپے

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی مویشی منڈی میں ہر سال نایاب، خوبصورت اور بھاری بھرکم جانور لائے جاتے ہیں جنہیں دیکھنے اور خریدنے والوں کا رش لگا رہتا ہے لیکن اس مرتبہ جس جانور کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا رش لگا ہے نہ تو وہ بہت بڑا ہے اور نہ ہی تگڑا۔

کراچی کی مویشی منڈی میں ایک چھوٹی لیکن بہت ہی بڑی قیمت والی گائے سامنے آئی ہے جسے دیکھ کر اور اس کی قیمت سن کر لوگ حیران ہو رہے ہیں۔

گائے کے مالک ہاشم خان کا کہنا ہے کہ میں سہراب گوٹھ سے آیا ہوں اور یہ گائے افغانستان سے لایا ہوں، یہ جانور نمونہ ہے اور اس کا نام بھولی ہے، اس کی قیمت 1 کروڑ روپے ہے اور میرا چیلنج ہے کہ پوری منڈی میں اس جیسا جانور نہیں ملے گا۔

ہاشم خان نے کہا کہ اس جانور کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی جوڑی نہیں ملتی اور یہ لاکھوں میں ایک ہوتا ہے۔

بیوپاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس گائے کے 20 لاکھ اور 35 لاکھ روپے لگ چکے ہیں، جس کے نصیب میں ہوگی وہ لے کر جائے گا، 80 یا 85 لاکھ روپے میں بھی دے دوں گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں