تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں جنگ بندی معاہدے پر دستخط، عمل درآمد شروع
بینکاک: (دنیا نیوز) تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں معاہدے پر دستخط کے بعد ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تھائی اور کمبوڈین وزرائے دفاع نے مشترکہ بیان میں کہا کہ معاہدے کے فوراً بعد جنگ بندی نافذ ہو جائے گی، فوجی دستوں کی موجودہ تعیناتی برقرار رہے گی، شہریوں، شہری تنصیبات، انفراسٹرکچر اور فوجی اہداف پر ہر طرح کے حملے ممنوع ہوں گے۔
دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی اور فوجیوں کی تمام نقل و حرکت منجمد کرنے اور سرحدی علاقوں کے شہریوں کو گھر واپسی کی اجازت دینے پر اتفاق کیا، تخریب کاری اور سائبر کرائم کا مقابلہ کرنے میں تعاون پر بھی رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق جنگ بندی کے 72 گھنٹے مکمل ہونے کے بعد تھائی لینڈ کی حراست میں موجود کمبوڈیا کے 18 فوجیوں کو رہا کر دیا جائے گا، جو جولائی سے وہاں زیرِ حراست ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 20 روز سے جاری سرحدی جنگ میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 5 لاکھ سے زائد بے گھر ہوئے ہیں، فریقین کے درمیان گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد کے مختلف غیر واضح حصوں پر خود مختاری کا تنازع ہے۔