پارٹیوں کے شوقین افراد کیلئے ہوائی جہاز پر پارٹی کرنے کی سروس متعارف

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں موجود دنیا کے مہنگے ترین اور پرتعیش ہوٹلوں میں سے ایک ہوٹل نے پارٹیوں کے شوقین افراد کیلئے نئی سروس کا آغاز کرتے ہوئے ہوائی جہاز پر ہی پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرا دی۔

’فائیو گلوبل ہولڈنگز‘ نامی ہوٹل اور ریزورٹس کی کمپنی نے اپنے ہوٹل ’پارٹی ہارڈ فائیو ہوٹلز اینڈ ریزورٹس‘ کے تحت ہوائی جہاز پر پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرا دی۔

امریکی جریدے ’بلوم برگ‘ کے مطابق ہوٹل نے اپنے طیارے ’نائن ہوٹل فائیو‘ پر فی گھنٹہ پاکستانی تقریبا 40 لاکھ روپے کے عوض پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرا دی اور اس کیلئے ہوٹل نے بکنگ کا آغاز بھی کر دیا۔

مذکورہ سروس کے تحت ایک طیارے میں بیک وقت زیادہ سے زیادہ 12 افراد سوار ہو سکتے ہیں اور وہ طیارے کو زیادہ سے زیادہ 12 گھنٹے مسلسل سفر کرنے کیلئے حاصل کر سکتے ہیں۔

پارٹیوں کے شوقین افراد کو طیارے پر فضاؤں پر پارٹیاں منعقد کرنے کے عوض محض 14 ہزار امریکی ڈالر فی گھنٹہ فیس ادا کرنی پڑے گی اور وہ دبئی سے جہاں کہیں جانا چاہیں انہیں طیارہ وہیں لے جائے گا لیکن انہیں فی گھنٹے کے حساب سے رقم ادا کرنی پڑے گی۔

امیر افراد طیارے کو دبئی سے لندن تک لے جا سکتا ہے اور انہیں اس سفر کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 95 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ساڑھے 5 کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے، یعنی طیارے میں موجود 12 میں سے ہر مسافر اپنا حصہ ادا کرے گا اور کوئی امیر شخص چاہے تو پوری طیارے کو ہی اپنی خصوصی پارٹی کیلئے بک کروا سکتا ہے۔

مذکورہ طیارے میں دو بہت بڑی سینما سکرین سائز کی ٹی وی سکرینز نصب ہیں جبکہ اس میں سوئمنگ پول نما باتھ ٹب بھی موجود ہے، طیارے میں پرتعیش بسترے اور صوفے سجائے گئے ہیں اور اس میں جدید طرز کی ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جو پارٹی کے دوران رنگ برنگی ہوتی رہتی ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پارٹیوں کے شوقین افراد کو صرف طیارے میں سفر کرنے کیلئے فی گھنٹہ پاکستانی 40 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے جبکہ جہاز میں استعمال کی گئی چیزوں کی قیمت الگ سے ادا کرنی ہوگی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں