3 سالہ بچے نے سانپ کو دانتوں سے چبا کر مار ڈالا

اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اتر پردیش میں 3 سالہ بچے نے ایک سانپ کو دانتوں سے چبا کر مار ڈالا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ فرخ آباد کے گاؤں مدنا پور میں پیش آیا، جہاں اس کے پریشان والدین مرے ہوئے سانپ کو ایک پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر اپنے بچے کے ساتھ ہسپتال پہنچے۔

ڈاکٹروں نے بچے کو 24 گھنٹے اپنی نگرانی میں رکھا اور پھر حالت خطرے سے باہر ہونے کے سبب گھر جانے کی اجازت دے دی، 3 سالہ بچہ جس کا نام اکشے بتایا جاتا ہے اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا کہ ان کی دادی نے اس کے چیخنے کی آواز سنی اور جب وہ وہاں پہنچیں تو انہیں مرا ہوا سانپ اپنے پوتے کے منہ میں لٹکا ہوا نظر آیا۔

دادی کے مطابق میں نے بچے کے منہ سے سانپ کو نکالا اور اس کا منہ صاف کیا جس کے بعد میں نے بچے کے والدین کو اس واقعے کی اطلاع دے دی، وہ سانپ کو ساتھ اس لئے لیکر گئے تھے تاکہ ڈاکٹروں کو بھی سمجھنے میں آسانی ہو جائے کہ واقعہ اصل میں ہے کیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ جس سانپ کو بچے نے چبایا تھا وہ زہریلا نہیں تھا، ایک اندازے کے مطابق بھارت میں 300 سے زائد اقسام کے سانپ پائے جاتے ہیں، جس میں 60 فیصد انتہائی زہریلے ہوتے ہیں جبکہ ایک سے اسی کے قریب وہ قسمیں ہیں جو بالکل زہریلی نہیں ہیں۔

بھارت میں دو ہزار کے بعد سے لیکر دو ہزار انیس تک بارہ لاکھ اموات ہوئی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں