کھدائی کے دوران انتہائی نایاب سکے اور زیورات برآمد

کیرالہ: (ویب ڈیسک) بھارت میں کھدائی کے دوران انتہائی نایاب اور قیمتی زیورات برآمد ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کیرالہ میں مزدوروں کا ایک گروپ بارش کے پانی کو بچانے اور جمع کرنے کیلئے کھدائی کر رہا تھا کہ اسے سونے کے کچھ سکے نظر آئے۔

بعد ازاں کھدائی کے دوران انہیں ایک مٹی کا برتن ملا جس میں سونے اور چاندی کے کئی سکے رکھے ہوئے تھے، اس کے بعد دوسرے دن اسی جگہ سے پانچ اور چاندی کے سکے اور دو سونے کے زیورات برآمد ہوئے۔

ابتدا میں مزدوروں نے سمجھا کہ شاید کوئی بم ہے اور اس ڈر کی وجہ سے اسے پھینک دیا لیکن جب برتن ٹوٹا تو تمام کارکنان حیران رہ گئے۔

قیمتی سامان میں سونے کے 13 لاکٹ، 17 موتیوں کی مالا، پانچ قدیم انگوٹھیاں، چار تمغے (ممکنہ طور پر کاجو کے ہار)، بالیوں کا ایک سیٹ اور چاندی کے کئی سکے شامل تھے۔

بعد ازاں معاملہ پولیس تک جا پہنچا اور علاقہ پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر قیمتی سامان کو اپنی تحویل میں لے لیا اور بعد ازاں انہیں ضلعی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے محکمہ آثار قدیمہ کو مزید دریافت اور تحقیقات کرنے کا حکم دیا۔

محکمہ آثار قدیمہ نے اس کی صداقت کی تصدیق کیلئے مواد کی بازیابی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ایک اہلکار نے کہا کہ جس جگہ سے نوادرات برآمد ہوئے ہیں، اس کی کوئی تاریخی اہمیت نہیں ہے، اس لئے یہ اشیاء کسی کی ذاتی ملکیت کا حصہ ہو سکتی ہیں، تاہم تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی نتیجہ سامنے آسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں